ایران پر مزید اقتصادی پابندیاں لگانے کی تجویز زیر غور ہے، امریکا

تہران/واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکا نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن ایران پر مزید اقتصادی پابندیاں لگانے کی تجویز پر غور کررہا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مئی 2018 کے دوران ایران کے ساتھ ایمٹی معاہدے سے علیحدگی پر ایک سال پورا ہونے جارہا ہے۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے امریکی صدر ٹرمپ پر ایران کے خلاف اقتصادی دہشت گردی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ایران میں آنے والے بھیانک سیلاب سے نمٹنے کی ایرانی کوششوں کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران میں جو سیلاب آیا ہے اس کی نظیر تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ملتی، امریکا نے امدادی ہیلی کاپٹروں پر بھی پابندی عائد کررکھی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف پابندیوں کا اطلاق ہر صورت کرکے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تہران پر دباؤ بڑھانے کا مقصد ایران کی ضرر رساں سرگرمیوں کو روکنا ہے، ایرانی عوام اس بات پر ناخوش ہیں کہ ان کی قیادت وہ اقتصادی وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی جن کا ان سے وعدہ کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ایران یورینیم افزودگی کی مقدار بڑھائے جارہا ہے، امریکا ایران کو من مانی نہیں کرنے دے گا، امریکا یورینیم افزودگی کی ایرانی رپورٹس کا جائزہ لے رہا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں