قاہرہ (نیوز ڈیسک) دنیا بھر میں نسل پرستی، مذہبی تعصب اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کے پرچار پر اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں میں مذہبی تعصب کی بنیاد پر برطانیہ سمیت یورپ کے مختلف ممالک میں مسلمانوں پر حملوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ اسلاموفوبيا، تعصب اور نسل پرستی کے جذبات میں اضافہ ہورہا ہے۔
مصر ميں جامعہ الازہر کے مفتی اعظم احمد الطيب سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے خصوصی ملاقات کی اس دوارن دونوں رہنماؤں نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا۔
The impressive weight of more than 1,000 years of history, culture, scholarship and worship was evident at @AlAzhar in Cairo. As a man of faith, I was humbled to express my respect for Islam to the Grand Imam and my solidarity with its followers in these turbulent times. pic.twitter.com/VWjZN4e8sM
— António Guterres (@antonioguterres) April 2, 2019
ملاقات کے بعد اپنے ایک بیان میں انتونیوگوتیرس کا کہنا تھا کہ مذہبی تعصب کے بڑھاوے کو کم کرنے کی ضرورت ہے، نفرتوں کے بجائے محبت بانٹنی ہے۔
اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل مصر کے دو روزہ دورے پر ہيں، وہ مصری صدر عبدالفتاح السيسی سے بھی آج ملاقات کریں گے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ میں سفید فام شخص نے دو مساجد پر اُس وقت فائرنگ کی تھی کہ جب وہاں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسلمانوں کا اجتماع شروع ہونا تھا۔
فائرنگ کے واقعے میں 49 مسلمان شہید جبکہ متعدد نمازی شدید زخمی ہوئے، ملزم نے اپنے گھناؤنے عمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر براہ راست نشر کی۔
بعد ازاں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کی سربراہ مشیل باچلے نے نیوزی لینڈ میں مساجد میں فائرنگ کے واقعے کو اسلام فوبیا، نسل پرستی اور دہشت گردانہ حملہ قرار دیا تھا۔