آرمی چیف سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی ملاقات

راولپنڈی (ڈیلی اردو) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی ملاقات ہوئی جس میں علاقائی سیکیورٹی اور افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سیکیورٹی اور افغان مفاہمتی عمل پر گفتگو کی گئی۔

امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے کہا کہ فروغ امن کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل قدر ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تھی، جس میں افغان مفاہمتی عمل میں ہونیوالی پیش رفت سمیت، باہمی دلچسپی کے اہم دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
خلیل زاد نے وزیر خارجہ کو دوحہ مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت اور افغان امن عمل کے سلسلے میں اپنی حالیہ مصروفیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور افغانستان میں اپنی اہم ملاقاتوں کا احوال گوش گزار کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے انٹرا افغان مذاکرات کے حوالے سے، پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ افغانیوں کے مابین مذاکرات کا انعقاد افغان مفاہمتی عمل کا اہم جزو ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں سیاسی مصالحت کیلئے نیک نیتی سے اپنا تعاون جاری رکھے گا، پاکستان، دیرپا تعمیر و ترقی کے ایجنڈے پر گامزن ہے، افغانستان میں امن و استحکام پاکستان سمیت پورے خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں