اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بانی ایم کیو ایم لندن الطاف حسین کے تحقیقات کے لیے لندن پولیس آج شام اسلام آباد پہنچ جائے گی۔ نفرت انگیز تقاریر کے معاملہ میں بانی ایم کیو ایم کے خلاف گھیرا مزید تنگ ہوگیا۔ برطانوی محکمہ انسداد دہشت گردی اور کمانڈ میٹرو پولیٹن پولیس کی ٹیم آج اسلام آباد پہنچ رہی ہے جہاں وہ ایم کیو ایم بانی کی تقاریر کا جائزہ لے گی۔
محکمہ داخلہ نے مقدمات کے گواہوں اور تفتیشی افسران کو اسلام آباد طلب کرلیا۔ سی ٹی ڈی کے ڈی آئی جی نے تمام تفتیشی افسران اور گواہوں کو فوری اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
مقدمات کے تفتیشی افسر نے کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں برطانوی پولیس کی آمد اور مقدمات میں معلومات جمع کرنے کا خط جمع کراتے ہوئے بتایا کہ برطانوی پولیس ایم کیوایم بانی کیخلاف شواہد اکٹھے کررہی ہے اور اسے ان مقدمات کی تفصیلات درکار ہیں۔
برطانوی پولیس نے اسلام آباد میں ایف آئی اے کے ہیڈ کوارٹر کے ذریعے شواہد مانگے ہیں اور پولیس کے اعلیٰ حکام نے گواہوں کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے کا حکم دیا ہے۔