راولپنڈی (ڈیلی اردو) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر دفاع اور پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس طلب کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب راولپنڈی نے خواجہ آصف کو 9اپریل کوطلب کیا ہے اور طلبی کا نوٹس بھی جاری ہوچکا ہے۔خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں طلب کیا گیاہے۔ نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم خواجہ آصف کا بیان ریکارڈ کرے گی۔
واضح رہے نیب ٹیم نے خواجہ آصف کو دوسری بار طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے۔ نیب نے خواجہ آصف کو یکم اپریل کو بھی طلب کیا تھا۔خواجہ آصف بیرون ملک ہونے کے باعث پیش نہیں ہوئے تھے۔قومی احتساب بیورو نے خواجہ آصف سے اثاثوں سے متعلق تفصیلات مانگی ہیں۔ سابق وزیردفاع کا بیان بھی ریکارڈ کیا جائے گا اور تحریری جواب کیلئے سوالنامہ بھی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نیب نے گزشتہ برس اکتوبر میں خواجہ آصف کیخلاف منی لانڈرنگ کے الزام میں تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ نیب نے خواجہ آصف اور ان کی فیملی سے تمام بینک اکاونٹس، قرض اور رقوم کی اندرون و بیرون ملک منتقلی کا ریکارڈ بھی طلب کیا تھا۔
یاد رہے کہ نیب ن لیگ قیادت کے دیگر رہنماؤں کیخلاف بھی تحقیقات کررہا ہے۔ مسلم لیگ ن کی صدر شہبازشریف، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز، سابق وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان کو بھی نیب کی تحقیقات کا سامنا ہے۔
نیب کی جانب سے جاری احتسابی عمل پر اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ صرف حزب اختلاف کے احتساب سے انتقام کی بو آرہی ہے جب کہ حکومت کا دعوی ہے کہ بلا تفریق احتساب کیا جارہا ہے۔