واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’’ایرانی پاسداران انقلاب‘‘ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں پاسداران انقلاب کو ’غیر ملکی دہشت گرد تنظیم‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران دہشت گردی کی مالی مدد کرنے اور دہشت گردی کو فروغ دینے والا ملک ہی نہیں بلکہ ایرانی سیکورٹی فورس پاسداران انقلاب براہ راست دہشت گردی میں بھی ملوث ہے۔
In an important step to counter the Iranian regime’s terrorism, the U.S. has designated the Islamic Revolutionary Guard Corps, incl. Qods Force, as a Foreign Terrorist Organization. We must help the people of Iran get back their freedom. pic.twitter.com/T65CxJjRrr
— Secretary Pompeo (@SecPompeo) April 8, 2019
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران نے اپنے دہشت گردانہ عزائم کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پاسداران انقلاب کو شام، لبنان، یمن اور لیبیا میں استعمال کیا جس کے امریکا کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں جس کی روشنی میں وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔
پاسداران انقلاب کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے بعد ایران کے لیے نئی مشکلات کھڑی ہوجائیں گی، بحرانی کیفیت اور معاشی تناؤ کے شکار ایران کو اب مزید معاشی اور سماجی پابندیوں کا سامنا کرنا ہوگا جب کہ پاسداران انقلاب سے جڑے ہر فرد کے لیے امریکا میں سفر، رہائش اور کاروبار کرنا ممکن نہیں رہے گا۔
واضح رہے کہ امریکا گزشتہ برس عالمی جوہری معاہدے سے دستبردار ہوکر ایران پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کرچکا ہے جب کہ پہلے ہی پاسداران انقلاب کے چند اہلکاروں کو دہشت گرد قرار دے کر سفری پابندیاں لگا چکا ہے۔ دنیا میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی ملک کی سیکیورٹی فورس کو دوسرے ملک کی جانب سے دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا ہو۔