امریکا عالمی دہشت گردی کا سرغنہ اور امریکی فوج دہشتگرد تنظیم ہے:حسن روحانی

تہران (ویب ڈیسک) ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا کی جانب سے تہران کی پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے پر واشنگٹن کو ’عالمی دہشت گردی کا سرغنہ‘ قرار دے دیا۔

خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ایرانی صدر نے سخت ردعمل کا اظہار کیا کہ امریکا ہی پوری دنیا میں ہونے والی دہشت گردی کا لیڈر ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’وہ (امریکا) کس حیثیت میں پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دے سکتا ہے‘۔

سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے خطاب میں ایرانی صدر نے کہا کہ پاسداران انقلاب نے بطور فورس دہشت گردی کے خلاف 1979 سے اپنی خدمات پیش کیں۔

حسن روحانی نے الزام لگایا کہ ’امریکی فوجوں (پینٹاگون) نے ہمیشہ بلواسطہ یا بلاواسطہ دہشت گردوں کا ساتھ دیا یا پھر دہشت گردی میں ملوث رہی‘۔

انہوں نے واضح کیا کہ ’امریکا دہشت گرد عناصر کو خطے میں اپنے قومی مفاد کے لیے استعمال کرتا ہے اور واشنگٹن ہی عالمی دہشت گردی کا سربراہ ہے‘۔

ایرانی صدر نے ایک مرتبہ پھر سوالات اٹھائے کہ ’آج کون پروپیگنڈا اور دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے، کون دہشت گرد تنظیم داعش کو بطور آلہ استعمال کررہاہے‘۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ’امریکا دہشت گرد تنظیموں کے رہنماؤں کو پناہ دے رہا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’امریکا نے ہی داعش کے سربراہ کو پوشیدہ رکھا اور اب تو مقامی حکومتوں کو بھی داعش کے سربراہ سے متعلق معلومات دینے پر آمادہ نہیں ہے‘۔

حسن روحانی نے کہا کہ ’امریکا نے جولائی 1988 میں اپنی نیول شپ یو ایس ایس کے میزائل سے ایرانی مسافر بردار طیارے 655 کو نشانہ بنایا تھا‘۔

واضح رہے کہ امریکا نے 31سال قبل تہران سے دبئی جانے والی ایران ایئر کی پرواز 655 کو گائڈڈ میزائل سے نشانہ بنایا تھا۔

خلیج فارس کے اوپر پرواز کے دوران حملے کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 290 افراد ہلاک ہوگئے تھے، طیارے میں 66 بچے بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’امریکا نے ہر وہ قدم اٹھایا جو کی توقع کی جا سکتی تھی، خلیج فارس کے سمندر سے مسافر بردار طیارے کو کس فورسز نے نشانہ بنایا‘۔

ایرانی صدر نے کہا ’امریکا کے اقدامات محض ایران کو دھمکانے کے لیے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’امریکا، ایرانی قوم کو بتانا چاہتا ہے کہ ان کے نزدیک کوئی ریڈ لائن نہیں اور بچوں اور خواتین کو بھی قتل کرسکتے ہیں‘۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے واضح کیا کہ ’امریکا ’پوری دنیا میں دہشت گردی کا پیغام‘ پہنچارہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ریاستی ادارے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا تھا۔

امریکی صدر نے کہا تھا کہ ‘یہ مثالی اقدام اس حقیقت کو تسلیم کرتا ہے کہ صرف ایران دہشت گردی کو فروغ نہیں دے رہا بلکہ پاسداران انقلاب ریاستی آلہ کار کے طور پر دہشت گردی کے فروغ میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔’

بعدازاں سعودی عرب نے امریکا کی جانب سے ایران کی پاسداران انقلاب کو بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں