اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستانی طیارہ ایرانی سیلاب زدگان کیلئے امدادی سامان لیکر پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایران میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیے وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر پاکستان کا پہلا سی ون تھرٹی طیارہ امدادی سامان لے کر ایران کے شہر احواض پہنچ گیا۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ اس مشکل گھڑی میں ہماری دعائیں اورہمدردیاں ایران کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔
دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایران میں حال ہی میں سیلاب نے بدترین تباہی پھیلائی جس سے شدید مالی اور جانی نقصان ہوا، ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم اور حکومت اپنے ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران میں پاکستان کی سفیر رفعت مسعود، سیلاب زدگان کیلئے بھجوانے گئے اس امدادی سامان کو ایرانی حکام کے حوالے کر رہی ہیں، اس امدادی سامان کا حجم 32 ٹن ہے جس میں خیمے، کمبل اور ابتدائی طبی امداد کا سامان شامل ہے جب کہ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے، مزید امدادی سامان لیکر دوسرا سی ون تھرٹی طیارہ کل ایران روانہ ہو گا۔
واضح رہے ایران میں سیلاب اور بارشوں سے 70 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔