امریکا کی جانب سے دہشت گرد قرار دینے پر ایران خاموش نہیں رہے گا: جنرل محمد باقری

تہران (نیوز ڈیسک) ایرانی افواج کے جنرل محمد باقری نے سپاہ پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دینے کے فیصلے پر امریکا کو مناسب جواب دینے کی دھمکی دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے امریکی فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ ایران اور اس کی طاقتور اور مقدس ریاست کسی بھی بے وقوفانہ فصیلے پر خاموش نہیں رہے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جنرل محمد باقری کا اشارہ مشرق وسطیٰ میں موجود متعدد امریکی دستوں کی جانب تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سپاہ پاسداران انقلاب پر پابندی لگاتے ہوئے کہا تھا کہ پاسداران انقلاب ریاستی آلہ کار کے طور پر دہشت گردی کے فروغ میں فعال کردار ادا کررہی ہے، پہلی بار امریکا نے کسی دوسرے ملک کے ریاستی ادارے کو دہشت گرد قرار دیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران نے اپنے دہشت گردانہ عزائم کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پاسداران انقلاب کو شام، لبنان، یمن اور لیبیا میں استعمال کیا جس کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ طے شدہ ایٹمی معاہدے نےعلیحدگی کے بعد ایران پر نئی پابندیاں عائد کردی تھیں جس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل گشیدگی میں‌ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب گزشتہ روز ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا ہے یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی ملک کے ریاستی ادارے کو دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایران نے بھی امریکی اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے امریکا افواج کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں