لاہور (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے قانون کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے دورہ لاہور کے دوران سانحہ ساہیوال کی متاثرہ فیملی نے عمران خان سے ملاقات کی جس میں انہوں نے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا، وزیراعظم نے متاثرہ خاندان کے مطالبے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی منظوری دیتے ہوئے اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قانونی طورپر دیکھا جائے اگر جوڈیشل کمیشن بن سکتا ہے تو عمل کیا جائے، وزیراعظم کی ہدایت پر وزیراعلی پنجاب جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد اقدامات اٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ سانحہ ساہیوال پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے پہلے تحقیقات مکمل کیں جب کہ لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر سانحے کی جوڈیشل انکوائری بھی ہوچکی ہے، جوڈیشل انکوائری کی رپورٹ بھی ساہیوال میں جمع کرائی جاچکی ہے۔