8

وزیراعظم عمران خان کا کوئٹہ خودکش دھماکے کی شدید مذمت، رپورٹ طلب کرلی

اسلام آباد + کوئٹہ (نیوز ڈیسک) کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں واقع فروٹ مارکیٹ میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 2 بچوں اور ایک ایف سی اہلکار سمیت 20 افراد شہید اور 48 شدید زخمی ہو گئے، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی. ہزارہ برادری نے 8 افراد شہید ہونے پر دھرنا دیدیا. وزیراعظم نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں‌کو علاج کی بہترین سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے.

کوئٹہ میں دہشت گردوں نے پھر بزدلانہ کارروائی کی، ہزار گنجی کے قریب سبزی منڈی میں ہونے والے خودکش دھماکے میں 20 افراد شہید اور 48 زخمی ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ دھماکہ سبزی منڈی میں ایک گاڑی کے قریب ہوا جس نے ہر طرف تباہی مچا دی۔ دھماکے سے سبزیاں اور فروٹ دور دور تک بکھر گئے اور قریبی دکانوں کو شدید نقصان پہنچا۔

دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل سکواڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، زخمیوں اور لاشوں کو ایمولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا۔ کئی زخمیوں کی حالت کی تشویشناک بتائی گئی ہے جس سے ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔

دھماکے کے بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور لوگوں سے خون کے عطیات کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔دوسری جانب ہزارہ برادری نے 8 افراد شہید ہونے پر دھرنا دے دیا۔

ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق دھماکے میں 2 بچوں اور ایک ایف سی اہلکار سمیت 16 افراد شہید اور 4 ایف سی اہلکاروں سمیت 30 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید ہونے والوں میں 8 افراد کا تعلق ہزارہ برادری سے ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت اور گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے صوبائی حکومت کو ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کو بہترین سہولیات مہیا کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔ وزیراعظم نے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں