کوئٹہ دھماکا: وزیراعلیٰ بلوچستان کا دہشت گردوں کےٹھکانوں،سرپرستوں کیخلاف کارروائیوں کی ہدایت

کوئٹہ (ڈیلی اردو) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے زیر صدارت اہم اجلاس، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور سرپرستوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے گی۔

کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی دھماکے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان نے امن وامان سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس طلب کیا۔ سی ایم سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ ضیا لانگو، کابینہ میں شامل دیگر وزرا، ایڈیشنل آئی جی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے واقعہ سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دی۔ کابینہ نے سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ اور انہیں مزید بہتر بنانے کے لئے بعض اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور سرپرستوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے گی۔

واقعہ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے مکمل یکجہتی، تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا جبکہ شہدا کے لواحقین کو مالی معاونت کی فوری فراہمی کا اعلان بھی کیا گیا جبکہ زخمیوں کے علاج ومعالجہ کے اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔

اجلاس میں سبزی مارکیٹ ہزار گنجی اور اہم عوامی مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی فوری تنصیب کا فیصلہ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں