ہم جانیں دیدیں گے لیکن اس ملک پر آنچ نہیں آنے دیں گے: بلاول بھٹو زرداری

گھوٹکی (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صوبے مضبوط ہونگے تو وفاق مضبوط ہوگا لیکن یہ حکومت 18ویں ترمیم ختم کر کے عوام کے حقوق ختم کرنا چاہتی ہے۔

گھوٹکی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم احتساب کے خلاف نہیں ہیں لیکن احتساب کا نظام صاف شفاف ہونا چاہیے۔ نیب پشاور بی آر ٹی میں کرپشن کیس پر ہاتھ کیوں نہیں ڈالتی؟ یہ حکومت نیب گردی کے ذریعے ہمیں جھکانا چاہتی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تبدیلی سرکار کی کوئی سمت ہی نہیں ہے۔ وفاق کی معاشی پالیسی سے ملک دیوالیہ ہو رہا ہے۔ غریب کو گھر دینا تو دور تجاوزات کے نام پر لوگوں سے چھت چھین رہے ہیں۔ کہا گیا کہ خود کشی کر لوں گا لیکن آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا۔

عمران خان نے کہا تھا کہ وہ قرض نہیں لیں گے لیکن اب ہر ملک میں بھیک مانگنے کیلئے جاتے ہیں۔ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر بنانا دور کی بات، آج نوجوان بے روزگار ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت کا ہر دعویٰ اور نعرہ جھوٹا نکلا۔ یہ غربت نہیں بلکہ غریب کو ختم کر رہے ہیں۔ یہ نااہل لوگوں کا ٹولہ ہے۔ آج آئی ایم ایف کی ہر عوام دشمن پالیسی قبول کر لی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے ایمنسٹی سکیم کالا دھن سفید کرنے کا طریقہ ہے لیکن اب ان کی ایمنسٹی سکیم ٹیکس دینے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ عمران خان بتائیں کہ وہ ایمنسٹی سکیم کے ذریعے کس کا کالا دھن صاف کرنا چاہتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت آہستہ آہستہ 18ویں ترمیم ختم کرنے جا رہی ہے اور ون یونٹ کی طرز پر نظام لانا چاہتی ہے۔ ہم جانیں دیدیں گے لیکن اس ملک پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ صوبے مضبوط ہونگے تو وفاق مضبوط ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں