میڈرڈ (ویب ڈیسک) وینزویلا کے خفیہ ادارے کے سابق چیف میجر جنرل (ر) ہوگو کارواجل کو امریکی وارنٹ پر ہسپانوی پولیس نے میڈرڈ سے گرفتار کرلیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وینزویلا کے خفیہ ادارے کے سابق چیف میجر جنرل (ر) ہوگو کارواجل کو منشیات اسمگلنگ کے الزام میں ہسپانوی پولیس نے میڈرڈ سے گرفتار کرلیا، امریکا کی جانب سے ان کے خلاف وارنٹ جاری کیے گئے تھے۔
نیویارک میں موجود پراسیکیوٹر نے ہوگو کارواجل پر الزام لگایا ہے کہ ان کے دور میں 5 ہزار 6 سو گرام منشیات وینزویلا سے میکسیکو اسمگل کی گئی اور وہ اس غیرقانونی کام میں ملوث رہے ہیں۔
سابق چیف کی جانب سے وینزویلا کی سوشلسٹ حکومت پر تنقید کو اپوزیشن میں سراہا جارہا تھا، ماہرین کے مطابق خفیہ ادارے کے سابق چیف کی گرفتاری وینزویلا میں اپوزیشن کو متاثر کرسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہوگو کارواجل کی گرفتاری پر امریکا کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے مسرت کا اظہار کیا ہے، 5 سال قبل وہ آروبا میں گرفتاری کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔
اسپین کی عدالت کی خاتون ترجمان نے کہا کہ سابق چیف ہوگو کارواجل کو میڈرڈ میں جج کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ وینزویلا کے سابق چیف نے 80 کی دہائی میں ہوگوچیز سے دوستی کے بعد تیزی سے ترقی حاصل کی اور وہ امریکا کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے اجنبی نہیں ہیں۔
رواں سال فروری میں جاری کردہ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وینزویلا گورنمنٹ بھی منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث رہی ہے۔