معاشرے کے مختلف طبقات کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کا جائزہ لینے کے لئے ایوان بالا کی خصوصی کمیٹی کے چئیرمین بیرسٹر محمد سیف کا کہنا ہے پی ٹی ایم کے تحفظات کو دور کرنے کیلئے بھر پور کوششیں کی جائیں گی۔ منظور پشتین نے کمیٹی کے سامنے لاپتا افراد کی بازیابی، بارودی سرنگوں کو ہٹانے، حقائق اور مصالحتی کمیشن تشکیل دینے کے مطالبات سامنے رکھ دیے۔
معاشرے کے مختلف طبقات کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کا جائزہ لینے کے لئے سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس بیرسٹر محمد سیف کی زیرصدارت ہوا۔
پی ٹی ایم کے رہنما منظور پشتین، ایم این اے محسن داوڑ سمیت دیگر اہم رہنما اجلاس میں شریک ہوئے. بیرسٹر سیف کا کہنا تھا پی ٹی ایم کے تحفظات کو دور کرنے کیلئے بھر پور کوششیں کی جائیں گی۔ کمیٹی کا مقصد معاشرے کے مختلف طبقات کے ساتھ نا انصافیوں کا جائزہ لینا ہے، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے خصوصی طور پر یہ کمیٹی قائم کی تھی۔
ان کا کہنا تھا ایوان بالا وفاق کا ایوان ہے اور اسکا مقصد محروم اور پسے ہوئے طبقات کی داد رسی کرنا ہے، سینیٹ کا مقصد وفاق اور وفاقی اکائیوں اور معاشرے کے طبقات کے درمیان پل کا کردار ادا کرنا ہے۔
پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین نے کمیٹی کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ لاپتا افراد کی بازیابی، بارودی سرنگوں کو ہٹانے اور ایک حقائق و مصالحتی کمیشن تشکیل دینے کیلئے اقدامات کیے جائیں تاکہ ان علاقوں کے عوام کا اعتماد بحال ہو۔ منظور پشتین نے سینیٹ کی کمیٹی پر پورے اعتماد کا اظہار کیا اور کمیٹی کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مطالبات واضح ہیں اور ان کا حل انتہائی ضروری ہے۔
کمیٹی اراکین نے بھی پی ٹی ایم کے ان مطالبات کو جائز قرار دیا اور کہا کہ ان مسائل کا حل نکالا جائے۔