افغانستان کی جیلوں میں قیدیوں پر تشدد کا سلسلہ بدستور جاری ہے: اقوام متحدہ

نیو یارک (ویب ڈیسک) قوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کی جیلوں میں قیدیوں کو ایذا رسانی کا سلسلہ جاری ہے۔ افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن (یو این اے ایم اے)کی افغانستان کی جیلوں میں قیدیوں کی صورت حال بارے ششماہی رپورٹ کے مطابق ملک میں جاری لڑائی کے دوران گرفتار کئے جانے والے ایک تہائی افراد نے بتایا ہے کہ قید کے دوران اْنہیں سخت اذیتیں دی گئیں اور اْن سے انتہائی برا سلوک روا رکھا گیا۔

اْنہوں نے بتایا کہ اْنہیں مارا پیٹا گیا، بجلی کے جھٹکے دیئے گئے، اْن کا سانس بند کرنے کی کوشش کی گئی، اْن کے پوشیدہ اعضاء کو کھینچا گیا اور اْنہیں چھت سے لٹکایا گیا۔

اقوام متحدہ کے ادارے کا کہنا ہے کہ اْن کی رپورٹ افغانستان کے 34 میں سے 28 صوبوں میں موجود 77 جیلوں میں 618 قیدیوں کے انٹرویوز پر مبنی ہے۔

رپورٹ میں قیدیوں کو ایذا رسانی میں کمی سے متعلق افغان حکومت کے نیشنل ایکشن پلان کے تحت اقدامات کو سراہا گیا ہے تاہم یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات انتہائی کم اور غیر تسلی بخش ہیں۔

یو این اے ایم اے کے سربراہ تادامیچی یاماموتو کا کہنا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کی پاسداری انتہائی اہم ہے اور رپورٹ سے پتا چلتا ہے کہ تنازعات سے منسلک جیلوں میں رکھے گئے افراد کو اذیتیں دینے کے واقعات کے خاتمے کے لیے ابھی بہت وقت درکار ہو گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جن جیلوں میں ایذارسانی کے واقعات میں کمی دیکھی گئی ہے، وہ افغانستان کے خفیہ ادارے این ڈی اے کی نگرانی میں چلائے جا رہے ہیں جب کہ باقی تمام جیلوں میں انہیں بڑے پیمانے پر اذیتیں دینے کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اْن میں کوئی بہتری نہیں آ سکی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں