297

افغان حکام نے طالبان سے قطر میں آج ہونے والے مذاکرات منسوخ کر دیئے

دوحہ (ڈیلی اردو) قطر میں طالبان اور افغان حکومت کے درمیان ہونے والے امن مزاکرات منسوخ کردیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق طالبان اور افغان حکومت کے درمیان قطر میں ہونے والے امن مزاکرات منسوخ کردیے گئے ہیں۔ افغان میڈیا کے مطابق قطری حکومت نے افغان وفد کے ناموں کی لسٹ مسترد کردی۔

قطر کے صدارتی محل سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قطری حکومت نے افغان حکومت کے وفد کے ناموں کی لسٹ مسترد کر دی ہے۔ دوحہ میں طالبان اور افغان رہنماؤں کےدرمیان مزاکرات 20 اور 21 اپریل کو شیڈول تھے۔

افغان حکام کے مطابق قطری حکومت کا اقدام قابل قبول نہیں، قطر دو سو پچاس افغان نمائندوں کو آنے کی اجازت دے۔

دوسری جانب طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اعلان کیا تھا کہ افغان حکومت کا وفد طویل ہے اور طالبان ڈھائی سو مندوبین سے نہیں مل سکتے۔

طالبان نے قطر میں مذاکرات کے لیے افغان حکومت کی طرف سے ملنے والی طویل فہرست کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کانفرنس ہے شادی کا ولیمہ نہیں ہورہا اور وفد پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ساتھ بیٹھنے سے انکار کردیا۔

واضح رہے کہ مذاکرات 20 سے 21 اپریل تک قطر میں کیے جانے تھے جن میں افغانستان میں قیام امن سے متعلق امور پر بات کی جانی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں