10

ایران میں سیلاب متاثرین کیلئے سعودی عرب اور یو اے ای کا امدادی سامان تہران پہنچ گیا

ریاض (نیوز ڈیسک) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت ایران میں سیلاب متاثرین کے لیے خوراک اور دیگر سامان کی صورت میں امداد فراہم کی گئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سرکاری امدادی ادارے ہلال احمر کی طرف سے سعودی عرب کے ساتھ مشترکہ ریلیف پروگرام کے تحت امدادی سامان سے لدا ہوا ہوائی جہاز ایران بھیجا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اماراتی ہلال احمر کی طرف سے 95 ٹن امدادی سامان لے کر ایک طیارہ تہران پہنچا، اس امدادی پروگرام کا مقصد ایران میں حالیہ ایام میں آنے والے تباہ کن سیلاب میں متاثرہ شہریوں کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کو یقینی بنانا ہے۔

امدادی سامان میں کھانے کی اشیاء، خیمے اور کپڑے شامل ہیں، ایران بھیجے جانے والے امدادی طیارے میں سعودی عرب کی جانب سے بھی امدادی سامان فراہم کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایران میں بارشوں اور سیلاب سے پندرہ سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، مارچ اور اپریل کے اوائل میں سیلاب کے باعث 75 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ 19 مارچ کو سیلاب کے سبب 1900 کے قریب شہر اور گاؤں متاثر ہوئے تھے، 86 ہزار افراد سیلاب کے سبب نقل مکانی پر مجبور ہوگئے تھے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں