لاہور (ویب ڈیسک) خفیہ ایجنسی کا اہلکار بن کر پولیس کو بلیک میل کرکے مختلف کام کروانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سوا آصل کے علاقے سے گرفتار کیے گئے ملزم نے خفیہ ایجنسی کا جعلی کارڈ بھی بنوا رکھا تھا جسے استعمال کرکے وہ پولیس افسران سے مختلف کام کرواتا رہا ہے۔ملزم نے اسی شناخت کی بنیاد پر کئی شہریوں کو بھی بلیک میل کرتا رہا ہے۔آج بھی ملزم نے ایک کام کے سلسلے میں سواآصل میں چوکی انچارج کو ٹیلی فون کیا۔ جس پر انہوں نے اس کے لیے خود آنے کا کہا تو یہ ملزم وہاں پہنچ گیا۔ پولیس کی جانب سے جب شناخت طلب کی گئی تو خود کو خفیہ ادارے کا اہلکار ظاہر کیا۔ پولیس نے شک پر مزید چھان بین کی تو ملزم نے سچ اگل دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے حساس ادارے کی وردی میں اپنی جعلی تصاویر بھی بنوا رکھی تھی۔پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت مظہر رفیق کے نام سے ہوئی ہے۔ جس کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
اس سے قبل بھی لاہور اور کراچی میں کئی ایسے واقعات سامنے آچکے ہیں جن میں اپنے کام نکلوانے اور مختلف افراد کو دھوکہ دینے کے لیے کئی افراد نے سیکیورٹی سے متعلقہ اداروں کی شناخت کو جعلی طور پر استعمال کیا۔
یاد رہے 2016 میں لاہور میں بھی ایف آئی اے نے ایک شخص کو گرفتار کیا تھا جس نے جعلی وفاقی وزیر بن کر لوگوں کو مسائل کے حل کے لیے باقاعدہ ایک دفتر کھول رکھا تھا۔