اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان ایران کے دورے پر روانہ ہو گئے، وزیراعظم کے دورے کے دوران پاک ایران وفود کی سطح پر ملاقاتیں اور کئی معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر ایران روانہ ہو گئے ہیں۔
وہ یہ دورہ ایران کے صدر حسن روحانی کی دعوت پر ۔ کر رہے ہیں، وہ ایران کی قیادت کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کیلئے تہران جاتے ہوئے مشہد میں بھی مختصر قیام کریں گے۔
وزیراعظم ایران کے رہبر اعلیٰ سید علی خامنہ ای سے ملاقات کریںگے اور صدر حسن روحانی کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے، عمران خان ایران اور پاکستان کی تاجر برادری کے ارکان سے بھی ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم آج مشہد پہنچیں گے، وزیراعظم کے دورے کے دوران پاک ایران وفود کی سطح پر ملاقاتیں اور کئی معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
پاکستان کے ایران کے ساتھ تعلقات قریبی، تاریخی، ثقافتی، عوامی سطح پر مضبوط روابط پر مبنی ہیں، وزیراعظم کے دورہ ایران سے دونوں ملکوں کے قریبی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ایرانی قیادت سے سانحہ اورماڑہ سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوگی گذشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اورماڑا حملے میں ایران کی سرزمین استعمال ہوئی ہے، امید ہے فراہم کردہ ثبوتوں پر ایران، بلوچ دہشتگرد تنظیم کے خلاف جلد کارروائی کرے گا