پاکستان کو متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط موصول، اسٹیٹ بینک کی تصدیق

کراچی (بیورو رپورٹ) متحدہ عرب امارات سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 1 ارب ڈالر مالی تعاون کی پہلی قسط مل گئی۔ اسٹیٹ بینک نے تصدیق کردی۔

تفصیلات کے مطابق یو اے ای کی جانب سے پاکستان کو مالی تعاون کے سلسلے میں ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط مل گئی ہے۔ متحدہ عرب امارات نے 3 ارب ڈالر کی مالی تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔ اسٹیٹ بینک پاکستان کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات سے امدادی پیکیج کے تحت قرض کی پہلی قسط ایک ارب ڈالر موصول ہوگئے۔

واضح رہے کہ دو دن قبل پاکستان اور یو اے ای میں 3 ارب ڈالر کے قرض کا معاہدہ ہوا ہے، یہ معاہدہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ابوظبی فنڈز فار ڈیولپمنٹ کے مابین ہوا، جس میں پاکستان کی جانب سے گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ اور یو اے ای کی طرف سے ابوظبی ڈیولپمنٹ فنڈ کے چیئرمین نے دستخط کیے۔

آج اسلام آباد میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔

شاہ محمود نے کہا دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم اور گہرے ہو رہے ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات مذہبی، ثقافتی اور تاریخی نوعیت کے ہیں، پاکستان اپنے برادر ملک یو اے ای سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں