سعودی عرب میں مبینہ پولیس مقابلہ، 4 دہشت گرد ہلاک

ریاض (نیوز ڈیسک) سعودی پولیس نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 4 مسلح دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے ریاض کے شمالی علاقے الزلفی میں قائم پولیس تھانے پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا، سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

مذکورہ حملے سے متعلق مزید معلومات ویب سائٹ پر شیئر نہیں کی گئیں، جبکہ رابطہ کرنے پر سعودی حکام نے اس واقعے پر کوئی ردِ عمل نہیں دیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہیں کہ ایک گاڑی کو ایک ناکے کے قریب دکھایا گیا ہے جس کے دونوں دروازے کھلے ہیں اور گاڑی میں دو افراد کی لاشیں موجود ہیں جبکہ قریب ہی زمین پر خون میں لت پت دیگر دو افراد کی لاشیں پڑی ہیں۔

رواں ماہ سعودی عرب میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کا یہ دوسرا حملہ ہے، اس سے قبل 9 اپریل کو سعودی عرب کے مشرقی صوبے قطیف میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا۔

یاد رہے کہ سعودی صوبے قطیف حملے پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ یہ ایک جعلی مقابلہ تھا جس میں نہتے اور معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر قتل کیا گیا۔

تاہم 9 اپریل کو ہونے والی کارروائی کے بارے میں سعودی حکام کا کہنا تھا کہ مارے جانے والے دہشت گرد قطیف میں ہونے والے حملے میں ملوث تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں