سری لنکا دھماکے: پاکستان کا لاشوں کی شناخت کیلئے فرانزک ٹیم بھیجنے کا فیصلہ

لاہور (نیوز ڈیسک) سری لنکا میں ہونے والے دھماکوں میں ہلاک شدگان کی لاشوں کی شناخت کے لیے پاکستان نے سری لنکا کو تعاون کی پیش کش کردی۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں ہونے والے خودکش بم دھماکوں میں ہلاک شدگان کی لاشوں کی شناخت کے لیے پاکستان نے فرانزک ٹیم سری لنکا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر جاوید اکرم نے تین رکنی فرانزک ٹیم تشکیل دے دی، فرانزک ٹیم ڈاکٹر ہمایوں تیمور کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ہے۔

جاوید اکرم نے کہا کہ فرانزک ٹیم سری لنکا جاکر لاشوں کی شناخت کرے گی، ہماری فرانزک ٹیم سری لنکن فرانزک ٹیم کے ساتھ رابطے میں ہے، ڈاکٹر جین سری لنکن فرانزک ٹیم کی سربراہی کررہے ہیں۔

وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے مطابق سری لنکن فرانزک ٹیم نے دفتر خارجہ سے تعاون کی درخواست کی ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا کے دارلحکومت کولمبو میں ایسٹر کے موقع پر 3 چرچ اور 3 ہوٹلوں سمیت 8 مقامات پر دھماکوں کے نتیجے میں‌ 215 افراد ہلاک اور 560 سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے جن میں‌ 5 پاکستانی بھی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 35 غیر ملکی بھی شامل ہیں، جن میں امریکی، برطانوی اور نیدر لینڈز کے شہری شامل ہیں۔

سری لنکن حکام نے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ سری لنکن حکومت نے دارالحکومت کولمبو میں کرفیو کا اعلان کر رکھا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق کوچھی کاڈے، کٹواپٹیا اور بٹی کالوا میں تین گرجا گھروں کو نشانہ بنایا گیا، کولمبو کے تین ہوٹل دی شینگریلا، سینامن گرانڈ اور کنگز بری بھی دھماکوں کی زد میں آئے۔ یہ دھماکے ایسٹر کی دعائیہ تقریبات کے دوران ہوئے۔

سری لنکن وزیراعظم نے ملک میں ہونے والے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دے دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں