پاکستان کی ایل اوسی پر تجارت ملتوی کرنے کے یکطرفہ بھارتی فیصلے کی مذمت

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان نے بھارت کی جانب سے ایل او سی پر تجارت یکطرفہ طور پر بند کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر تجارت کے غلط استعمال کے الزامات کو بھی مسترد کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق بھارت کا ایل او سی پر تجارت اسمگلنگ، منشیات، جعلی کرنسی اور دہشتگردی کیلئے استعمال کرنے کا الزامات بے بنیاد ہیں۔ یہ الزامات کشمیری عوام کی قانونی جدوجہد کو دہشتگردی قرار دینے کی مذموم کوششوں کا حصہ ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ ایل او سی پر تجارت اعتماد سازی کے قابل عمل اقدامات میں سے ایک ہے۔ لائن آف کنٹرول پر تجارت وسیع تر سفارتی کوششوں کے نتیجے میں شروع ہوئی تھی۔ یکطرفہ فیصلے سے بھارت سفارتکاری کے ذریعے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو بھی ضائع کرنا چاہتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان سے بات کیے بغیر تجارت معطلی انتہائی افسوسناک ہے۔ تجارت معطلی منقسم کشمیری خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گی۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی معاشی بہتری کے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں