لورالائی: ارمان لونی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ منظر عام پر آ گئی

لورالائی (نیوز ڈیسک) بلوچستان کے ضلع لورالائی میں احتجاج کے دوران جاں بحق ہونے والے پروفیسر ارمان لونی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میڈیا کو موصول ہوگئی ہے۔

پولیس سرجن سول اسپتال کی جاری کردہ حتمی رپورٹ کے مطابق ارمان لونی کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی، رپورٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ ارمان لونی کے دل، کھوپڑی اور خون کے نمونے فرانزک لیب بھیجوائے گئے تھے جس میں موت کی حتمی وجہ کا تعین کیا گیا۔

طبی ماہرین کے مطابق ارمان لونی کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا، واضح رہے ارمان لونی 2 فروری 2019ء کو احتجاج کے دوران جاں بحق ہوئے تھے۔

ورثاء نے پولیس پر تشدد کا الزام عائد کیا تھا، جس پر اے ایس پی لورالائی کیخلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا۔

یاد رہے کہ ارمان لونی ان کی ہلاکت کے خلاف پشتون تحفظ موومنٹ کے کارکنوں نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور پشتون اکثریتی علاقوں میں ہڑتال کی تھی، جبکہ اس موقع پر پشتون تحفظ موومنٹ کے کارکنان کی پکڑ دھکڑ پر افغانستان کے صدر اشرف غنی نے اپنے خیالات کا اظہار ٹویٹس کی صورت میں کیا تھا، جس پر پاکستانی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے سخت ردعمل کا اظہار کیا اور انہیں ‘غیر ذمہ دارانہ’ اور پاکستان کے اندرونی معاملات میں ‘سنگین مداخلت’ قرار دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں