شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ، ایک اہلکار شہید

میران شاہ (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید ہوگیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تحصیل دتہ خیل کے علاقے شین کنڈائی میں پیش آیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں سپاہی مجاہد شہید ہو گیا ہے۔ فائرنگ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق شہید اہلکار کی میت کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے صدر مقام میرانشاہ پہنچا دیا گیاہے۔

تاہم سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کی ذمہ داری کسی گروپ یا تنظیم نے قبول نہیں کیا ہے۔

یاد رہے کہ شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ایک بار پھر تیزی آئی ہے۔

ہفتے کے روز شمالی وزیرستان میں لیویز چیک پوسٹ پر دھماکے میں تین اہلکار شہید جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا تھا۔

گزشتہ روز دھماکا تحصیل شیواہ میں ملک شاہی کے علاقے رغزئی میں ہوا جہاں اہلکاروں کے چیک پوسٹ پہنچتے ہی زور دار دھماکا ہوا۔

اس کے علاوہ رواں ماہ کی 25 تاریخ کو بھی شمالی وزیرستان میں بارودی مواد کے دھماکے میں ایک اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے تھے۔

ذرائع کے مطابق دھماکہ رزمک سب ڈویژن کی تحصیل دوسلی علاقے گڑیوم میں اس وقت پیش آیا جب سیکیورٹی اہلکار سرچنگ میں مصروف تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں