بھارت کے 2 پائلٹ گرفتار ہوئے یا ایک پائلٹ، میجر جنرل آصف غفور نے وضاحت کردی

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بالآخر یہ وضاحت کر دی ہے کہ انہوں نے 27 فروری کو بھارتی طیارے گرائے جانے کے بعد پریس کانفرنس میں 2 بھارتی پائلٹس کا ذکر کیا اور پھر ٹویٹ کر کے ایک پائلٹ کا کیوں کہا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جب اس طرح کا جنگی ماحول پیدا ہو تو زمین سے معلومات موصول ہوتی ہیں۔ اگر آپ ایک جانب کھڑے ہیں اور طیارہ تباہ ہونے کے بعد پائلٹ نے ایجیکٹ کیا ہے تو آپ کہیں گے کہ پائلٹ نظر آیا اور ایسا ہی کسی اور جگہ کھڑا شخص بھی کہے گا اور یوں معلومات موصول ہوتی ہیں۔

میں نے پریس کانفرنس میں دو پائلٹس کا ذکر رپورٹ کی بنیاد پر کہا تھا کیونکہ پریس کانفرنس میں آنے سے پہلے ایک پائلٹ کی اطلاع تھی اور پھر میڈیا اور دیگر رپورٹس میں دو پائلٹس کی بات ہونے لگی اور میں نے بھی سوچا کہ شائد دو ہی ہوں کیونکہ جہاز بھی دو گرائے گئے تھے۔

پریس کانفرنس کرنے کے بعد جب میں واپس گیا تو اس وقت تک رپورٹس کلیئر ہو چکی تھیں اور پھر میں نے اس حوالے سے تصدیق تو معلوم ہوا کہ پائلٹ ایک ہی تھا مگر دو مختلف جگہ سے رپورٹ ہونے کے باعث یہ ابہام پیدا ہوا۔ پریس کانفرنس میں دو پائلٹس والی بات تو مان لی گئی لیکن بعد میں کی جانے والی ٹویٹ کو نہیں مانا جا رہا، حالانکہ وہ بات بھی تو میں نے ہی کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں