مریم نواز احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ آڈیو ویڈیو ٹیپ سامنے لے آئیں

لاہور (ویب ڈیسک) مریم نواز العزيزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو سزا سُنانے والے جج ارشد ملک سے متعلق مبینہ آڈیو ویڈیو ٹیپ سامنے لے آئیں، ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران مبینہ آڈیو ویڈیو ٹیپ صحافیوں کو دکھائی اور الزام لگایا کہ جج ملک ارشد نے مسلم لیگ کے رکن ناصر نامی شخص کو گھر بلاکر ساری تفصیلات بتائیں اور انہیں بتایا کہ فیصلہ انہوں نے نہیں کیا، ان سے کروایا گیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دیا تھا پھر غیبی امداد آئی، سزا دینے والا خود بول اٹھا، نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی۔

مریم نواز نے کہا کہ تین نسلوں کے کھاتے کھنگالنے کےبعد بھی ثبوت نہ ملا تو کمال ڈھٹائی سے انتقام پر مبنی فیصلے سنادیئے گئے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پانامہ سے شروع ہونے وا لا مضحکہ خيز سفر اقامہ سے ہوتا ہوا آج بھی جاری ہے، نواز شریف پر شرمناک الزامات لگے، الزامات میڈیا پر لگائے جاتے رہے لیکن عدالتوں میں نہ الزامات لگے نہ ثبوت سامنے آیا، سزا پھر بھی ہوگئی، نواز شریف سرخرو ہوں گے، میں نے کہا تھا نواز شریف کو مرسی نہیں بننے دوں گی۔

انہوں نے کہا کہ نہ ہمارے ثبوتوں کو تسلیم کیا گیا، نہ ہی ہماری گواہی کو مانا گیا، مقدمات شروع ہونے سے پہلے فیصلے کیے جاچکے تھے، ہم نے ہر ثبوت دیا لیکن وہ نہيں مانا گیا، جانتے ہوئے بھی کہ یہ احتساب نہیں تھا، انتقام تھا، سازش تھی، میاں صاحب عدالتوں میں پیش ہوتے رہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ میں اکیلی نواز شریف کا مقدمہ لڑرہی ہوں، کب تک عوام کے ووٹ اور ان کی رائے ہائی جیکر قرار دیئے جاتے رہیں گے، آپ جب چاہیں کسی جوکر اور سلیکٹڈ کو عوام کے سروں پر مسلط کرتے رہیں، آج عوام کو دکھا دیا کہ دیواروں کے پیچھے کیا ہوتا ہے، یہ 22 کروڑ عوام اور اس ملک کا نقصان ہوا، اس کا ازالہ کون کرے گا۔

ن لیگی رہنما نے کہ کب تک سیاستدانوں کو ویڈیوز اور فلمیں دکھا دکھاکر بلیک میل کیا جاتا رہے گا، آج بھی نواز شریف کو جیل سےباہر نکالیں لگ پتہ جائے گا عوام کس کے ساتھ کھڑے ہیں، تمہیں تاریخ ایک سلیکٹڈ اور مہرے کے طورپر یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ مشرف نے جو ملک کا حال دس سال میں کیا تھا اس نے دس مہینے میں کردیا، آج پوری دنیا نے دیکھ لیا کہ امپائر سے مل کر کون کھیلتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ چھوڑو بیساکھیاں اور میدان میں آکر مقابلہ کرو، تمہیں اپنی اوقات پتہ چل جائے گی، آپ کو کیا پتہ معیشت کس بلا کا نام ہے، آج بھی مخالفین کو چن چن کر نشانہ بنایا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج کے اس ناقابل تردید ثبوت نے تمام سازشوں سے پردہ اٹھادیا ہے، نواز شریف کے خلاف تمام کیسز دم توڑ چکےہيں، میرے پاس اس سے بھی بڑے ثبوت ہیں، مجھے مجبور نہ کیا جائے، نواز شریف کے خلاف کیس میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوچکا، ان کے خلاف کیسز کو کالعدم قرار دے کر انہیں باعزت بری کیا جائے۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی طبیعت سے متلعق ٹھوس اور ناقابل تردید شواہد ہیں، تین بار وزیر اعظم رہنے والے نواز کوٹ لکھپت میں پابند سلاسل ہیں، امید ہے عدالت عظمیٰ اور مقتدر ادارے نواز شریف کو انصاف دلائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں