کشمیری بھائیوں کو کسی موڑ پر تنہا نہیں چھوڑیں گے: صدرِ مملکت عارف علوی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کشمیری بھائیوں کو کسی موڑ پر تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہم ان کے ساتھ تھے، ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے، آج کا یوم آزادی کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کا دن ہے۔

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، اس سے قبل انہوں نے وہاں پرچم کشائی بھی کی۔

تقریب میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، وفاقی وزراء، غیر ملکی سفارت کار، اعلیٰ سول و فوجی حکام نے بھی شرکت کی۔

صدر مملکت سے قبل حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کنونشن سینٹر میں تقریب سے خطاب کیا۔

صدر عارف علوی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پوری قوم کو یومِ آزادی مبارک ہو، آج کا دن قومی اہمیت کا حامل ہے، آج ان عظیم شخصیات سے یومِ تشکر کا دن بھی ہےجن کی بدولت آج ہم آزاد فضاء میں سانس لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے موجودہ اقدامات شملہ معاہدے کی مکمل خلاف ورزی ہیں، اس نے شملہ معاہدے کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے، پاکستان ان بھارتی اقدامات کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتا۔

صدرِ مملکت کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، بھارت نے یک طرفہ اقدام سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے، بھارت کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کا کوئی حق نہیں رکھتا۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان حقِ خود ارادیت کی مکمل حمایت کرتا ہے، مسئلہ کشمیر کے تین فریق ہیں، دنیا کو قائدِ اعظم محمد علی جناح کے دو قومی نظریے کی سمجھ آ رہی ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ 9 لاکھ فوجیوں کی کشمیر میں موجودگی سے غاصب بھارتی افواج نے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل جنگ بندی معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارتی اقدامات سے جنوبی ایشیاء کے امن اور سلامتی کو خطرہ ہے۔

صدر مملکت کا کہنا ہے کہ پاکستان چاہتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے، تاہم بھارت ہماری امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں