اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے حافظ سعید کو ذاتی اکاؤنٹ استعمال کرنے کی اجازت دیدی

نیویارک (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسیاں) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کالعدم جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید سمیت دیگر تین افراد کو ذاتی اکاؤنٹ سے رقم نکالنےکی اجازت دیدی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حافظ محمد سعید سمیت 3 افراد کی جانب سے سلامتی کونسل میں درخواست دی گئی کہ وہ اپنے اہل خانہ کے واحد کفیل ہیں، پاکستانی حکومت کی جانب سے ان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیئے گئے ہیں جن کے باعث انہیں اہل خانہ کی کفالت میں مشکلات کا سامنا ہے لہذا انہیں روز مرہ اخراجات کے لیے اپنے بینک اکاؤنٹس سے رقم نکلوانے کی اجازت دی جائے۔

اقوام متحدہ میں حافظ سعید کی اس درخواست پر کسی نے اعتراض نہیں کیا جس پر سلامتی کونسل کمیٹی نے حافظ سعید، حاجی محمد اشرف اور ظفر اقبال کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں بنیادی ضروریات کے لیے منجمد اکاؤنٹس سے ماہانہ ڈیڑھ لاکھ روپے نکالنے کی اجازت  دے دی۔

واضح رہے کہ حافظ محمد سعید کو عالمی دہشت گرد قرار دیا جا چکا ہے جس کے باعث ان کے اکاؤنٹس منجمد ہیں اور وہ دہشت گردی کے مقدمات میں جیل میں ہیں۔

خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے سربراہ حافظ سعید کے اثاثے منجمند کر دیئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں