حکومت مسئلہ کشمیر کا مقدمہ ہار چکی ہے: شہباز شریف

اسلام آباد (ڈیلی اردو) صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پولیو اور ڈینگی سے عوام کی حفاظت نہ کر پانے والے حکمران دیگر بڑے مسائل اور نازک قومی مفادات کا تحفظ کیسے کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا، جس میں ارکان اسمبلی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس کے آغاز پر آزاد کشمیر کے زلزلے سے جاں بحق افراد اور سابق وزیر خزانہ رانا افضل کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی گئی، لیگی ارکان نے رانا افضل کے انتقال کو پارٹی کا بڑا نقصان قرار دیا، اس کے علاوہ اجلاس میں دفاع وطن کے لئے جام شہادت نوش کرنے والے فوجی افسران اور جوانوں کے لئے بھی دعا کی گئی۔

مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شرکت اور تاریخ کے تعین پر بھی مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر ارکان سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کشمیر کا مقدمہ ہار چکی ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی، سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کونسل میں واقعات سے ہمارے خدشات اور تحفظات کی تصدیق ہورہی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں ملکی معیشت تباہ ہوچکی ہے، کاروباری برادری کا اعتماد ختم ہوچکا ہے، بیرونی سرمایہ کاری کو تو چھوڑیں، مقامی کاروباری صورتحال بھی دگرگوں ہے۔

صد مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ ملکی اقتصادیات نے قومی سلامتی کیلئے نئے چیلنج کھڑے کردئیے ہیں، خوف مشکل حالات سے نہیں بلکہ حکمرانوں کی نااہلی اور حماقتوں سے ہے کیونکہ پولیو اور ڈینگی سے عوام کی حفاظت نہ کرپانے والے حکمران دیگر بڑے مسائل اور نازک قومی مفادات کا تحفظ کیسے کریں گے؟۔

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت زلزلہ متاثرین کے لئے جامع اقدامات کریں اس سلسلے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اشتراک عمل سے موثر لائحہ عمل بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں