دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے لائن آف کنڑول عبور کرینگے: بھارتی آرمی چیف کی دھمکی

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے ایک بار پھر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں لائن آف کنٹرول پار کرنا پڑی تو کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے ایک بار پھر زہر اگلتے ہوئے کہا کہ نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک اور بالاکوٹ حملے سے پاکستان کو پیغام دیا ہے، دہشت گردوں اور ان کے سپورٹرز کے خاتمے کے لئے لائن آف کنڑول عبور کریں گے۔

انٹرویو کے دوران جنرل راوت نے کہا کہ اگر ہمیں کنٹرول لائن عبور کرنا پڑی تو زمینی راستے اور ہوائی راستے سے یا دونوں روٹ استعمال کریں گے۔

بپن راوت کا کہنا ہے کہ بھارت چھپن چھپائی کھیل میں دلچسپی نہیں رکھتا، جوہری ہتھیار روک تھام کے لیے ہیں روایتی جنگ کے لیے نہیں۔

بپن راوت کا کہنا تھا کہ ہم نے ریڈ لائن کھینچ لی ہے کہ ہمیں اچھی طرح معلوم ہے کہ مستقبل میں کونسا ایکشن کرنا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ میں خطاب کے حوالے سے جنرل بپن راوت کا کہنا تھا کہ پاکستانی وزیراعظم کا کشمیر سے متعلق بیان ثابت کرتا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کی حمایت کررہا ہے۔

یاد رہے چند روز قبل چنائی میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران پاکستان پر حملے کی دھمکی دیتے ہوئے بپن راوت نے کہا تھا کہ اس بار وہ بالاکوٹ سے آگے بھی جا سکتے ہیں۔

بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بالاکوٹ حملے کے بعد وہاں موجود لوگ دوبارہ متحرک ہو گئے ہیں، اس بار وہ بالاکوٹ سے کہیں آگے جائیں گے۔

راوت نے یہ دعوی بھی کیا تھا کہ 500 سے زیادہ دہشت گرد بھارت کی سرحد پار کرنے کے انتظار میں بیٹھے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں