ملیحہ لودھی کی جگہ منیر اکرم کو اقوام متحدہ میں مستقل مندوب تعینات کردیا

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم نے وزارتِ خارجہ میں نئی تعیناتیوں کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزرات خارجہ میں تقرر و تبادلوں کی منظوری دی جس کے مطابق ملیحہ لودھی کی جگہ سینئر سفارتکار منیر اکرم کو اقوام متحدہ میں پاکستان کا مستقل مندوب مقرر کیا گیا ہے۔ 

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل یو این وزارت خارجہ خلیل احمد ہاشمی کو اقوام متحدہ جنیوا میں مستقل مندوب تعینات کیا گیا ہے۔ 

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ملیحہ لودھی کی جگہ منیر اکرم کو اقوام متحدہ میں مستقل مندوب تعینات کردیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ایڈیشنل سیکریٹری وزارت خارجہ محمد اعجاز کو ہنگری میں تعینات کردیا گیا ہے۔ جبکہ پیانگ یانگ میں پاکستانی ناظم الامور کو کویت میں تعینات کیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ میں اے آئی ٹی کے ایڈیشنل سیکریٹری محمد اعجاز کو ہنگری میں پاکستان کا سفیر تعینات کیا گیا جبکہ شمالی کوریا میں  پاکستانی سفارتخانےکے ناظم الامور سید سجاد حیدر کو کویت میں سفیرتعینات کردیا گیا۔ 

دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق ٹورنٹو میں پاکستانی سفارتخانے کے قونصل جنرل عمران احمد صدیقی کو بنگلادیش میں پاکستان کا ہائی کمشنر تعینات کیا گیا ہے جبکہ نائجر میں پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور احسن کے کے وگن کو مسقط اومان میں سفیر تعینات کردیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ میجر جنرل (ر) محمد سعد خٹک کو سری لنکا میں پاکستان کا ہائی کمشنر، عبدالحمید کو ٹورنٹو میں قونصل جنرل اور ابرار ہاشمی کو ہیوسٹن میں قونصل جنرل تعینات کردیا گیا ہے۔ 

یاد رہے کہ سینئر سفارتکار منیر اکرم پرویز مشرف کے دور میں بھی اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب رہ چکے ہیں، ان کا دورانیہ 2002 سے 2008 تک رہا ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز ہی میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد دورہ امریکا سے واپس آئے ہیں تاہم ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو ہٹائے جانے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں