چونیاں سانحے کا ملزم گرفتار کرلیا گیا: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

لاہور (ڈیلی اردو) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ضلع قصور کی تحصیل چونیاں میں بچوں کے اغواء کے واقعات میں ملوث ملزم کی گرفتاری کا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ چونیاں کیس میں اہم سراغ مل گیا ہے، ایک بچے کی لاش اور 3 بچوں کی ہڈیوں کے ڈی این اے سے ان کی شناخت کی گئی اور یہ چاروں وارداتیں سہیل شہزاد نامی ملزم نے کیں۔ بچوں کے اغواء میں ملوث ملزمان کی اطلاع دینے پر 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ متعلقہ اداروں نے بہت محنت کی جس پر ان کا شکر گزار ہوں، مشکوک افراد کی جیوفینسنگ کی گئی،

چونیاں واقعے کے ایک ملزم کا ڈی این اے فیضان اور علی حسن کے کپڑوں سے ملنے والے نمونے سے میچ کرگیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ اس کیس میں انصاف کی فراہمی کا وعدہ پورا کریں گے۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب عارف نواز نے بتایا کہ ملزم سہیل شہزاد کی عمر 27 سال ہے، وہ غیر شادی شدہ اور لاہور میں تندور پر روٹیاں لگاتا ہے۔آئی جی پنجاب نے بتایا کہ ملزم سہیل شہزاد پہلے بھی سزا یافتہ ہے۔

یاد رہے کہ قصور کی تحصیل چونیاں میں ڈھائی ماہ کے دوران 4 بچوں کو اغواء کیا گیا جن میں سے تین بچوں فیضان، علی حسنین اور سلمان کی لاشیں گزشتہ روز جھاڑیوں سے ملی تھیں جب کہ 12 سالہ عمران اب بھی لاپتا ہے۔

اس واقعے کے بعد چونیاں شہر میں عوام کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا اور تھانے پر حملہ کیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بچوں کے اغواء، زیادتی اور پھر قتل کے واقعے کی تحقیقات کیلئے ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) کی سربراہی میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں