تحریک انصاف کو بڑا جھٹکا: اہم رہنما، عہداداران اور درجنوں کارکن جے یو آئی میں شامل

پشاور (ڈیلی اردو) پاکستان تحریک انصاف پشاور کے سابق سینئر نائب صدر اور قومی اسمبلی کے حلقہ 27 کے سابق امیدوار سمیت درجنوں کارکنوں نے جمعیت علمائے اسلام میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔

گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں جمعیت علمائے اسلام ضلع پشاور کے جنرل سیکرٹری خالد وقار چمکنی کے ہمراہ پی ٹی آئی کے سابق سینئر نائب صدر قاری رحیم شاہ، محمد نوید علی خان داؤد زئی، زاہد خان ارمڑ، پی کے 70 سے اقبال شاہ ارمڑ نے پریس کانفرنس میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے قاری رحیم شاہ اور اقبال شاہ ارمڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آ ئی اور عمران خان کے ساتھ تعلق گزشتہ پندرہ سالوں سے تھا اور پارٹی کو ہر فورم پر سپورٹ کیا مگر اب موجودہ حکومت عوام کی امنگوں پر پورا اترنے میں ناکام ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اپنے منشور اور وعدوں سے مکر گئی ہے عوام سے ایک کروڑ نوکریاں اور پسے ہوئے طبقے کیلئے پچاس لاکھ گھر بنانے سے بھی قاصر ہے اور پاکستان کی ساکھ کو بین القوامی سطح پر گرا دیا ہے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک موروثی پارٹی بن چکی ہے جس میں ورکرز کی کوئی عزت نہیں، پی ٹی آ ئی کی معاشی پالیسی عوام دوست نہیں بلکہ عوام دشمن پالیسی  ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں مولانا فضل الرحمن واحد لیڈر ہے ملک بھر کے تمام عوام کی نظریں مولانا پر ہیں اور وہ اس نا اہل حکمران سے نجات دلائینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں