پاراچنار: کرم میں امن سبوتاژ کرنے کی کوششیں جارہی ہیں: ایم این اے ساجد حسین طوری

پاراچنار (نمائندہ ڈیلی اردو) چئیرمین سٹینڈنگ کمیٹی انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ ضلع کرم میں امن سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جہاں فورسز اور عوام کی قربانیوں کی بدولت علاقے میں امن قائم ہوا ہے، امن و امان کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور امن کو کسی صورت سبوتاژ نہیں ہونے دینگے۔

پارا چنار میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ساجد حسین طوری نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں قیام امن کیلئے فورسز اور عوام نے قربانیاں دی ہیں اور ضلع کرم میں جو مثالی امن قائم ہے بعض قوتوں کو ہضم نہیں ہوتا اور یہی عناصر علاقے کو ایک بار پھر جنگ و جدل کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے ضلع کرم کے قبائل طوری، بنگش، مقبل، منگل، ماسوزئی، علیشیرزئی اور پاڑاچمکنی کے علاوہ ہندو اور کرسچن برادری سے بھی اپیل کی کہ ضلع کرم میں امن کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ساجد حسین طوری نے عوام سے اپیل کی کہ خدا کیلئے پرامن رہیں اور نفرتیں پھیلانا چھوڑ دیں، تمام مسئلے مذاکرات کے ذریعے حل ہوتے ہیں جنگ سے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ساجد طوری نے کہا کہ وہ لوئر، سنٹرل اور اپر کرم کے مشران سے رابطہ میں ہیں اور تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں