مریم نواز کو سروسز ہسپتال سے جیل منتقل کردیا گیا

لاہور (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کو اسپتال سے دوبارہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

ن لیگ کی جانب سے رد عمل میں کہا گیا ہے کہ حکومت بیماری پر سیاست کر رہی ہے۔ مریم نواز کے کچھ ٹیسٹ باقی تھے۔ لیکن علاج روک کر انہیں دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ ناساز طبیعت کے باوجود مریم نواز کی صبح پانچ بجے جیل واپسی تشویش ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل واپسی کے وقت بھی ان کی طبیعت خراب تھی۔ ہائی بلڈپریشراور دل کی دھڑکن نارمل نہیں تھی۔ ڈاکٹرز نے ٹیسٹس کے بعد مریم نواز کو ہسپتال داخل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف کی طبیعت چند دن سے ناساز ہے اور ان کے طبی تجزیے کی رپورٹس ان کے بچوں اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو فراہم نہیں کی جارہی تھیں۔ پارٹی کی ترجمان نے کہا کہ مریم نواز شریف کی اس انداز میں جیل واپسی پہلے سے بیمار نواز شریف کو مزید ذہنی اذیت پہنچانے کی ایک اور کوشش ہے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر کو طبیعت ناساز ہونے پر گزشتہ روز لاہور کے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ مریم نواز کا ڈینگی اور سی بی سی ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا۔

گزشتہ روز مریم نواز کو پے رول رہائی دی گئی تھی اور انہیں اپنے والد سے ایک گھنٹے کی ملاقات بھی کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں