باجوڑ: لیویز شہداء کے ورثا میں 2 کروڑ 79 لاکھ روپے کے چیک تقسیم

خار (ڈیلی اردو/ٹی این این) قبائلی ضلع باجوڑ میں بدامنی کیخلاف جنگ اور دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے سولہ لیویز ہلکاروں کے ورثا میں امدادی چیکس تقسیم کئے گئے۔

اس سلسلے میں ایک تقریب اسسٹنٹ کمشنر خار انور الحق کے دفتر میں منعقد ہوئی جس میں تحصیلدار وڑ ماموند عبدالوکیل، لیویز صوبیداران میجرز ستار خان، گلزر خان سمیت دیگر سمیت دیگر حکام اور شہداء کے ورثا نے شرکت کی۔

اے سی خار انور الحق اور دیگر نے لیویز کے 16 شہداء کے ورثاء میں شہداء پیکج کے تحت 2 کروڑ 79 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر انور الحق نے کہا کہ باجوڑ میں قیام امن کیلئے باجوڑ لیویز شہداء کی قربانیاں تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی، شہداء کی قربانیوں کا نعم البدل ہم نہیں دے سکتے کیونکہ ان قربانیوں کا بدلہ صرف اللہ تعالیٰ دے سکتا ہے لیکن ہم ان کی قربانیاں ضرور یاد رکھیں گے اور شہداء کے ورثاء کیساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں