لاہور: اخبار کے دفتر میں فائرنگ، ٹرینی رپورٹر قتل، ملزم فرار

لاہور (ڈیلی اردو) لاہور کے علاقے قلعہ گجر سنگھ میں مقامی اخبار کے دفتر میں فائرنگ سے لڑکی جاں بحق ہو گئی، جس کی شناخت 25 سالہ عروج اقبال کے نام سے ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مقامی اخبار کی ٹرینی رپورٹر 25 سالہ عروج اقبال کو سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا، دلاور اور عروج مقامی اخبار میں کام کرتے تھے، ذاتی رنجش کے باعث کچھ عرصہ قبل دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی، پولیس کے مطابق عروج نکلسن روڈ پر ایک فلیٹ میں رہائش پذیر تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 25 سالہ خاتون عروج کے قتل کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی یاسر کی مدعیت میں تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں درج کر دیا گیا ہے، خاتون کی لاش کو بھی مردہ خانے منتقل کر دیا گیا، ورثا نے الزام لگایا ہے کہ عروج کو سابق شوہر دلاور نے قتل کیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ نے 7 ماہ قبل دلاور نامی شخص سے پسند کی شادی کی تھی، دلاور اور عروج مقامی اخبار کے دفتر میں کام کرتے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عروج اقبال بطور ٹرینی رپورٹر کام کرتے تھی، ذاتی رنجش کے باعث کچھ عرصہ قبل دونوں میں علیحدگی ہوئی۔

دوسری جانب پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دیں ہیں۔ جبکہ ملزم فرار ہوگیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں