پاراچنار: ایف سی گراونڈ میں 27ویں بیج کی پاسنگ آوٹ پریڈ کا انعقاد، بریگیڈیئر کو سلامی

پاراچنار (محمد صادق) قبائلی ضلع کرم کے ہیڈ کوارٹرز پاراچنار کے ایف سی گراونڈ میں پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب منقعد ہوئی، پاک فوج 73 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر نجف عباس نے تربیت پانے والے 267 جوانوں سے حلف لیا۔ تقریب میں کثیر تعداد میں قبائلی عمائدین، سول انتظامیہ کے افسران نے بھی شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق پاراچنار میں فرنٹئر کور (ایف سی) کے ستائیسویں بیچ میں مزید 267 جوانوں نے شمولیت کے بعد تربیت حاصل کی، اس موقع پر ایف سی گراونڈ میں پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاک فوج 73 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر نجف عباس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ کرم ملیشیاء کے کمانڈنٹ کرنل جمیل الرحمٰن سمیت سول و فوجی حکام، قبائلی عمائدین اور سول انتظامیہ کے افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر بریگیڈیئر نجف عباس نے کہا کہ فرنٹیئر کور کی قربانیاں روز روشن کی طرح عیاں ہیں اور فرنٹئیر کور کے جوان مغربی سرحدات کی حفاظت کی ذمہ داری بطریق احسن ادا کررہی ہے اور فرنٹیئر کور کی قربانیوں کی وجہ سے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی کمر توڑنے میں فرنٹیئر کور کا کردار لائق تحسین ہے اور انشاء اللہ یہ جوان تربیت حاصل کرنے کے بعد ملک و قوم کی بہترین طریقے سے حفاظت پر مامور ہونگے۔

بعد ازاں مہمان خصوصی بریگیڈیئر نجف عباس نے کمانڈنٹ فرنٹئر کور ضلع کرم کے کرنل جمیل الرحمٰن کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا اور تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔ تربیت حاصل کرنے والے ریکروٹس سلامی کے چبوترے سے گزرے اور مہمان خصوصی کو سلامی دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں