اداروں کے ٹکراؤ کی خواہشمندوں کو مایوسی ہوئی: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (ڈیلی اردو/اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج اداروں کے درمیان ٹکراﺅ کے ذریعے ملک میں عدم استحکام کی خواہش رکھنے والوں کے لئے مایوسی کا دن ہے، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ پاکستان کے عظیم ججوں میں سے ایک ہیں۔

جمعرات کو ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج اداروں کے درمیان ٹکراﺅ کے ذریعے ملک میں عدم استحکام کی خواہش رکھنے والوں کے لئے مایوسی کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمارے بیرونی دشمن اور ہمارے اندر موجود مافیاز کے لئے بھی خاص طور پر مایوسی کا دن ہے جنہوں نے ملکی دولت لوٹ کر باہر جمع کر رکھی ہے اور ملک میں عدم استحکام کے ذریعے اپنی دولت کو محفوظ بنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ریکارڈ کے لئے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ پاکستان کے عظیم ججوں میں سے ہیں اور میں ان کی بہت عزت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت وہ پہلی جماعت ہے جس نے 23 سال پہلے آزاد عدلیہ اور قانون کی حکمرانی کی بات کی۔ 2007ء میں پی ٹی آئی آزاد عدلیہ کی تحریک میں سب سے آگے تھی اور عدلیہ کی آزادی کی تحریک کی پاداش میں مجھے جیل بھی بھیجا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں