افغانستان: بگرام میں امریکی ایئربیس پر طالبان کا حملہ ناکام، 6 خودکش بمبار ہلاک، ایک گرفتار

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان میں امریکی ایئربیس سے منسلک زیر تعمیر ہسپتال پر طالبان کے خودکش حملہ آوروں نے بارود سے بھری کار ٹکرا دی جس کے نتیجے میں دو افغان شہری شہید اور 80 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ فورسز نے طالبان کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 6 حملہ آور کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان کے صوبہ پروان کے ضلع بگرام میں امریکا کی سب سے بڑی ایئر بیس سے منسلک زیر تعمیر ہسپتال کی عمارت پر طالبان کے خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار ٹکرا دی جس کے بعد مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے ایئربیس میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

حکام نے کہا کہ اس کے بعد 7 مسلح حملہ آور، جنہوں نے خودکش جیک پہن رکھی تھی، زیر تعمیر عمارت میں داخل ہوئے اور قریب واقع امریکی ملٹری بیس پر حملے کے لیے اسے لانچنگ پیڈ کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی۔

امریکی ایئر بیس میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے مسلح افراد کو سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا رہا، زور دار دھماکوں اور دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں دو افغان شہری شہید ہو گئے، جس میں ایک افغان خاتون بھی شامل ہیں۔ جبکہ 80 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔

حملے کے تقریباً 10 گھنٹے بعد افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے کہا کہ 3 دہشت گرد اب بھی ہسپتال کے کمپاؤنڈ میں موجود ہیں اور افغان اور غیر ملکی فورسز کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 3 دہشت گرد اب بھی عمارت کے اندر موجود ہیں اور مزاحمت کر رہے ہیں، 3 فورسز سے لڑائی کے دوران مارے گئے جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا۔’جبکہ دھماکے سے 300 میٹر کے دائرے میں موجود گھروں اور ایک مسجد کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

اتحادی افواج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 7 حملہ آوروں نے 4 بارود سے بھری گاڑیوں کی مدد سے حملہ کیا تھا۔ افغان فوج اور اتحادی افواج نے فوری ردعمل دیتے ہوئے مسلح افراد کا حملہ ناکام بنایا اور دو گاڑیوں میں بھرا باردو ناکارہ بنادیا گیا ہے۔ جبکہ سات خودکش حملہ آور مارے گئے۔ ہمارا کوئی فوجی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ تاہم جارجیا کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ حملے میں ان کے پانچ فوجی معمولی زخمی ہوئے۔

نیٹو کے ریزولیوٹ سپورٹ مشن کے اپنے بیان میں کہا کہ ‘حملے کو ناکام بنا دیا گیا لیکن ہسپتال کی زیر تعمیر عمارت کو بُری طرح نقصان پہنچا۔’

واضح رہے کہ حملہ آوروں نے اْسی ایئر بیس کو نشانہ بنایا ہے جہاں گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اچانک دورہ کیا تھا اور 3 ماہ سے معطل افغان امن مذاکرات دوبارہ قطر میں بحال ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب افغان طالبان کے ترجمان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حملے میں درجنوں امریکی اور افغان فوجی اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے۔

ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ جنگجوؤں نے بگرام بیس کے باہر ٹرک کو دھماکے سے اڑایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں