سانحہ اے پی ایس ملکی تاریخ کا سیاہ ترین، دلخراش اور ناقابل فراموش واقعہ ہے: چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد (ڈیلی اردو/اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس ملکی تاریخ کا سیاہ ترین، دلخراش اور ناقابل فراموش واقعہ ہے، اس سانحہ کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، اے پی ایس کے شہداءکی قربانی اور ان کے لواحقین کے حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اقوام عالم دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں و کاوشوں کا ادراک کریں۔

پیر کو سانحہ اے پی ایس کے پانچ سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اے پی ایس کے سانحہ نے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مستحکم کیا۔

انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا، قوم دہشت گردوں کے خلاف متحد ہے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ دہشت گردی کے فلسفے کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی ضروری ہے، پوری قوم شہدا کے لئے دعاگو اور ان کے لواحقین کے ساتھ شریک غم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس ملکی تاریخ کا سیاہ ترین، دلخراش اور ناقابل فراموش واقعہ ہے۔ اے پی ایس وحشیانہ حملے نے معصوم نہتے، بے گناہوں کو شہید کر کے والدین کے ساتھ ساتھ پوری قوم پر ناقابل فراموش غم کے پہاڑ ڈھا دیئے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہدا کے والدین تاحال غم کی کیفیت میں ہیں۔

سانحہ اے پی ایس موجودہ صدی کا بد ترین انسانیت سوز واقعہ ہے، شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا قلع قمع کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے مشترکہ لائحہ عمل سے نیست ونابود ہوسکتی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے جانی و مالی قربانیاں دیں، اقوام عالم دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں و کاوشوں کا ادراک کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں