آزاد کشمیر: بھارتی فوج کی وادی لیپا پر فائرنگ اور گولہ باری، طالبعلم شہید، ایک زخمی، 8 مکانات تباہ

مظفر آباد (نمائندہ ڈیلی اردو) بھارتی فوج نے وادی لیپا کی شہری آبادی پر گولہ باری کرکے ایک  طالب علم کو شہید کردیا۔ بھارتی فوج نے ہٹیاں بالا کی وادی لیپا کے سرحدی آبادی پرجارحیت اور اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولہ باری کی جس کے نتیجے میں ایک طالب علم شہید جب کہ دوسرا طالبعلم زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے وادی لیپا کے علاقوں منڈا کلی، چننیاں اور نوکوٹ پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری شروع کر دی جس کے نتیجہ میں 16 سالہ جماعت دہم کے طالب علم جواد ولد محمد اشتیاق ساکنہ منڈا کلی شہید جبکہ 11 سالہ جماعت پنجم کے طالب علم احسان ولد لیاقت زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والے طالب علم کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے بھارتی گولہ باری کے باعث 8 سے زائد رہائشی مکانات کے جزوی طور پر تباہ ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

ایس ایچ او لیپا اصغرعباسی کے مطابق واقعہ کے بعد لیپا میں ایل او سی کے قریب اسکول اور بازار حفاظتی نقطہ نظرکے تحت بند کر دیئے گئے ہیں.

سرکاری ذرائع کے مطابق بھارتی گولہ باری کے باعث یونین کونسل نوکوٹ کے سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی ادارے، چننیاں، نوکوٹ اور کیسر کوٹ کے بازار بھی بند کر دیے گئے، جبکہ ایل او سی پر وقفہ وقفہ سے بھارتی فوج کی فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں ایک بھارتی فوجی ہلاک ہو گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں