مقبوضہ کشمیر میں دستی بم کے حملے میں 2 اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی

سری نگر (ڈیلی اردو) مقبوضہ کشمیر کے اتوار بازار میں گرنیڈ حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورس کے 2 اہلکاروں سمیت 9 شہری زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنت نظیر وادی کے دارالحکومت میں تعطیل کے روز لگائے جانے والے پُر ہجوم اتوار بازار میں نامعلوم افراد سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں پر گرنیڈ پھینک کر فرار ہوگئے۔ گرنیڈ حملے کے بعد بھگدڑ مچ گئی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ترجمان سی آر پی ایف نے بتایا کہ گرنیڈ حملے میں 2 سیکیورٹی اہلکار شدید زخمی ہوئے جنہیں ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ دیگر 7 شہری بھی زخمی ہوئے، زخمی شہریوں کو قریبی ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

گرنیڈ حملے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کردیا جس کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا، بزرگوں اور بچوں کو ہراساں جب کہ چند نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں