گلگت بلتستان: ٹانک میں شہید کرنل مجیب الرحمٰن کی نماز جنازہ ادا

گلگت (ڈیلی اردو) گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان کے قریب ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے کرنل مجیب الرحمٰن کی نمازجنازہ ادا کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فورس کمانڈر شمالی علاقہ جات میجر جنرل احسان محمود خان نے نماز جنازہ کی امامت کی، اس موقع پر سابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل (ر) ہدایت الرحمٰن، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن اور شہید کے عزیز و اقارب سمیت ہزاروں افراد کی شرکت کی۔

نمازہ جنازہ سے قبل شہید کے جسد خاکی کو گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا، اس موقع پر لوگوں نے پاکستان زندہ باد کے واشگاف نعرے بھی لگائے، نمازہ جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کرنل کے جسد خاکی کو تدفین کے لئے ان کے آبائی گاؤں بونجی روانہ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز پاک فوج نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے دو خطرناک دہشت گردوں کو جنہم واصل کیا تھا جبکہ کرنل مجیب الرحمان نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید کرنل نے بیوہ، تین بیٹے اور ایک بیٹی سوگوار چھوڑی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں