کورونا وائرس: دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 94 ہزار 656 سے تجاوز کرگئی

واشنگٹن (ویب ڈیسک) پاکستان سمیت کورونا وائرس 162 ملکوں تک پھیل گیا ہے اور دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 94 ہزار 656 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے اب تک 7 ہزار 894 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اٹلی، اسپین ،فرانس اور ملائیشیا میں لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے جب کہ برطانیہ میں بھی حکام اس حوالے سے غور کر رہے ہیں۔

ترکی اور متحدہ عرب امارات میں باجماعت نماز پر پابندی لگادی گئی ہے جب کہ ایران اور عراق میں نماز جمعہ کی ادائیگی بھی روک دی گئی ہے۔

دنیا بھر کے سائنسدان مہلک کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری کے لیے سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں جس کے باعث تیل کی قیمتیں گذشتہ چند برسوں کے دوران کم ترین سطح پر آگئی ہیں۔

چین میں کورونا وائس کے نئے کیسز کی تعداد میں کمی 

چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے وائرس سے سب سے زیادہ نقصان بھی چین کا ہوا ہے تاہم اب چین میں نئے کیسز کی کمی ہوئی ہے۔

چینی حکام کے مطابق کورونا وائرس کے 21 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس میں سے ایک کورونا وائرس کے مرکز صوبہ ہوبے میں جب کہ دیگر کیسز کی تصدیق بیرون ملک سے آنے والوں میں ہوئی ہے۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق 24 گھنٹوں میں چین میں 13 نئی ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 3 ہزار 226 ہوگئی ہیں۔

چین بھر میں مریضوں کی تعداد 80 ہزار 800 سے بڑھ گئی ہیں ،جس میں سے اب تک 68 ہزار 679 مریض صحت یاب ہو گئے اور 8 ہزار 976 افراد کا چین کے اسپتالوں میں علاج جاری ہے۔

اٹلی میں ہلاکتیں 2 ہزار 158 ہوگئیں

چین کے بعد اٹلی کورونا سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک ہے، اٹلی میں اب تک 27 ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 2 ہزار 158 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

اٹلی میں کورونا وائرس کے زیرعلاج مریضوں کی تعداد چین سے بھی کئی گنا بڑھ چکی ہے اور اس وقت 23 ہزار 73 افراد زیر علاج ہیں جب کہ چین میں اِس وقت زیر علاج مریضوں کی کل تعداد 9 ہزار 848 ہے۔

خیال رہے کہ اٹلی میں اِس وقت لاک ڈاؤن جاری ہے اور ڈیڑھ کروڑ سے زائد آبادی کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے ملک بھر میں اجتماع کی بھی اجازت نہیں ہے جس کے باعث کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تجہیز و تدفین میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

ایران میں کورنا سے مزید 135 اموات

ایران میں کورونا وائرس سے مزید 135 افراد انتقال کر گئے ہیں جس کے بعد ایران میں اموات کی تعداد 988 ہوگئی ہے۔

ترجمان ایرانی وزارت صحت کیانوش جہانپور کے مطابق ایران میں آج کورونا کے ایک ہزار 178 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں جس کے بعد ایران میں کورونا متاثرین کی تعداد 16 ہزار 169 ہوگئی ہے۔

چین اور پاکستان کا ایران پر عائد پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ

چین اور پاکستان نے امریکا اور عالمی برادری سے ایران پر عائد پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران پر مسلسل عائد یک طرفہ امریکی پابندیاں انسانیت کے خلاف ہیں۔

چین کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیاں ایران کے کورونا وائرس سے نمٹنے اور اقوام متحدہ اور دیگر اداروں کی جانب سے پہنچے والی امداد کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے ایران پر سے بھی پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پابندیاں اٹھانے سے ایران کو کورونا وائرس سے نمٹنےمیں مدد ملے گی لہٰذا مشرق وسطیٰ میں کورونا سے بدترین متاثر ایران پر سے پابندیاں ہٹائی جائیں۔

اسپین میں ہلاکتوں کی تعداد 510 ہوگئی

کورونا سے اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے شہری سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں

اسپین میں کورونا وائرس سے مزید 168 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 510 ہوچکی ہے۔

ہسپانوی وزارت صحت کے مطابق اسپین میں کورونا سے متاثرہ تقریباً 1500 نئے کیسز ریکارڈ ہونے کے بعد اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز ہوچکی ہے۔

رپورٹس کے مطابق کورونا سے اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے شہری سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیٕں۔

جرمنی نے اپنی سرحدیں بند کردیں

جرمنی میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور 1300 نئے کیسز کے بعد کل تعداد 8 ہزار 588 ہوچکی ہے۔

جرمنی میں مزید 6 افراد کی اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 23 ہوگئی ہے جس کے بعد حکام نے فرانس، آسٹریا اور سوئٹزرلینڈ کے ساتھ سرحدیں بند کردی ہیں۔

جنوبی کوریا میں 6 اموات ریکارڈ

جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے 6 مزید مریض ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد کل ہلاکتوں کی تعداد 81 ہوچکی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 8 ہزار 320 ہوچکی ہے۔

کورونا کو روکنے کیلئے فرانس میں لاک ڈاؤن 

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 15 دن کا لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے،

فرانس میں اب تک کورونا وائرس سے 148 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی کل تعداد 6 ہزار 633 ہوچکی ہے۔

حکام کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 15 دن کا لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے جس کے تحت شہریوں پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں اور غیر ضروری طور پر گھر سے نکلنے سے منع کردیا گیا ہے۔

امریکا میں مزید 8 ہلاکتیں

امریکا میں بھی کورونا وائرس سے مزید 8 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد  وہاں کل ہلاکتوں کی تعداد 94 ہوچکی ہے۔

امریکا میں 600 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 5 زہار 200 سے تجاوز کرچکی ہے۔

امریکی ہیلتھ کیئر حکام نے خبردار کیا ہے کہ عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے امریکا کے پاس طبی سامان ناکافی ہے۔

بھارت میں کورونا سے تیسری ہلاکت کی تصدیق

بھارت میں کورونا وائرس سے تیسری ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ وہاں متاثرہ افراد کی کل تعداد 142 ہوچکی ہے۔ 

کورونا وائرس کے پیش نظر بھارت نے نئی سفری پابندیوں کا اعلان کیا ہے جس کے تحت یورپی یونین کے ممالک، ترکی اور برطانیہ سے آنے والے تمام افراد پر بھارت میں داخلے پر کل سے مکمل پابندی ہو گی۔

اس کے علاوہ افغانستان،فلپائن،ملائشیاسےآنے والوں پر بھی 31 مارچ تک پابندی عائد کردی گئی ہے۔

متحدہ عرب امارات،قطر ،اومان،کویت سے بھارت آنے والے افراد کو 14 دنوں کے لیے قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔

کورونا کے پیش نظر تاج محل سمیت دیگر یادگار اور میوزیم 31 مارچ تک بند کردیئے گئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 212 سے تجاوز کرچکی ہے جس میں سے سندھ میں 172، خیبرپختونخوا میں 15، بلوچستان میں 10، پنجاب میں 8، اسلام آباد 4 اور گلگت میں 3 کیسز سامنے آئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں