شمالی وزیرستان میں پاک فوج کا آپریشن: 7 دہشت گرد ہلاک، ایک افسر سمیت 4 جوان شہید

راولپنڈی (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خفیہ اطلاع پر پاک فوج کے آپریشن کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک افسر سمیت چار جوان شہید ہوگئے، دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن خفیہ ٹھکانے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر اور دتہ خیل کے جنوب مغرب میں 7 کلو میٹر دور ماما زیارت میں کیا گیا۔ سیکیورٹی آپریشن کے دوران مورچہ بند دہشت گردوں نے پاک فوج کے جوانوں پر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک افسر سمیت پاک فوج کے 4 جوان بھی شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں تمام 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور بھاری مقدار میں بارود اور اسلحہ قبضے میں لے لیا گیا۔

شہید ہونے والوں میں لاہور کے 26 سالہ لیفٹیننٹ آغا مقدس علی خان، لیہ کے حوالدار قمر ندیم اور لیہ کے 24 سالہ سپاہی محمد قاسم جب کہ نارووال کے 23 سالہ سپاہی توصیف بھی شامل ہیں، حوالدار قمر ندیم جن کی عمر 36 سال تھی اور لیہ کے رہائشی تھے ان کے پسماندگان میں بیوہ 2 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں