کورونا وائرس: اسرائیل میں ہنگامی حالت نافذ

یروشلم (ڈیلی اردو) اسرائیل نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔

اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی کابینہ نے ملک بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔

اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق گذشتہ روز اسرائیلی کابینہ کے اجلاس میں اندرون ملک اسرائیلیوں کی نقل و حرکت محدود کرنے اور ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں تجارتی سرگرمیوں کو بھی محدود کردیا گیا ہے اور ہرقسم کی تفریحی اور سیاحتی سرگرمیاں بھی بند کردی ہیں۔ فی الحال یہ پابندیاں سات روز کے لیے ہیں مگر ان میں توسیع کی جاسکتی ہے، اس دوران غذائی، بنیادی ضرورت کی اشیاء اور ادویات کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

اسرائیل میں ہفتہ کے روز کررونا وائرس کی وجہ سے پہلی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔

اسرائیلی اخبار ہاریٹز کے مطابق ہفتہ کے روز یروشلم میں کرونا وائرس کی وجہ سے 88 سالہ آری ایون کی موت واقع ہوئی ہے، انہیں ایک ہفتہ قبل تشویشناک حالت میں یروشلم کے شارے زیدک میڈیکل سنٹر لایا گیا تھا۔

اسرائیل میں اب تک کررونا وائرس کے 883 مصدقہ کیس سامنے آچکے ہیں جن میں سے صرف 36 لوگ صحت یاب ہوئے ہیں اور 15 مریض تشویشناک حالت میں وینٹی لیٹرز پر موجود ہیں۔

امریکہ کی جوہن ہوپکنز یونیورسٹی کی جانب سے پیش کیے گئے اعداد و شمار سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل کررونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں 24 ویں نمبر پر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں