کورونا وائرس: آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کا پاک فوج کو تیار رہنے کا حکم

راولپنڈی (ڈیلی اردو) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کوئی بھی چیز ایک ذمہ دار اور پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتی۔ قوم کی حفاظت اور خدمت ہمارا مقدس فریضہ ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت اسپیشل کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوا۔ کور کمانڈرز کانفرنس کا واحد ایجنڈا کورونا وائرس سے متعلق تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت ہونے والی کانفرنس میں کور کمانڈرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے اپنے ہیڈکوارٹرز سے شرکت کی۔ کانفرنس میں کورونا کے ملک گیر پھیلاؤ اور اس کے تدارک کے حوالے سے اقدامات بالخصوص پاک فوج کی سول انتظامیہ کے ساتھ تعاون کیلئے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج اور اس کے تمام میڈیکل وسائل کو مکمل تیار رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ایک ذمہ دار اور پرعزم قوم کو کوئی نہیں ہراسکتا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ایکشن پلان سے متعلق تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کررونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ملک بھر میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 803 تک پہنچ گئی ہے۔

پاکستان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پیر تک کررونا وائرس کے مزید تین مریض چل بسے جس کے بعد جاں بحق ہونے والے افراد  کی مجموعی تعداد 6 ہو گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں